کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق جواب دہ ہیں کہ ٹرین حادثے کا ذمہ دار کون ہے ۔اس اندوہناک حادثے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے ۔وزیراعلیٰ سندھ سے سفارش کروں گا کہ جاں بحق اور زخمیوں کو معاوضہ اور پلاٹ فراہم کیے جائیں ۔وہ جمعرات کو جناح اسپتال کراچی میں لانڈھی ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ ٹرین حادثے کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں اور ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے ۔ ہم حادثات پر سیاست نہیں کرتے، حکومت کا جو کام ہے وہ کریں گے۔ جمہوریت میں احتساب تو ہوتاہے، خواجہ سعد رفیق کو چاہیے کہ وہ ذمہ داروں کا تعین کریں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کی زندگی کی قیمت نہیں لگائی جاسکتی، مینڈیٹ کا مطلب یہ نہیں کہ عوام کو جواب نہ دیا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایمرجنسی سہولیات نہیں ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت ایمرجنسی سینٹر کے قیام پر توجہ مرکوز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وہ رحیم یار خان جاکر وہاں سے سیاسی سرگرمی کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فنی معاونت اور سگنل سسٹم کے بہتر انتظام سے ریلوے حادثات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ سندھ سے سفارش کروں گا کہ جاں بحق اور زخمیوں کو معاوضہ اور پلاٹ فراہم کیے جائیں ۔