اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے 8 افسران کی خفیہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی تفصیلات سامنے ا?گئیں۔ہائی کمیشن کے افسران کی خفیہ ادارے کے اہلکار ہونے کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے منظر عام پر آئیں۔رپورٹس کے مطابق مبینہ بھارتی خفیہ ایجنٹس میں راجیش کمار اگنی ہوتری، (کمرشل قونصلر)، بلبیر سنگھ (فرسٹ سیکریٹری پریس اینڈ کلچر)، انوراگ سنگھ(فرسٹ سیکریٹری کمرشل)، امر دیپ سنگھ بھٹی(ویزا اتاشی)، دھرمیندرا، وجے کمار ورما اور مادھون نندا کمار (ویزا اسسٹنٹس) جبکہ جیا بالن سینتھل (اسسٹنٹ پرسنل ویلفیئر آفس) شامل ہیں۔میڈیا لیک میں دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ عہدے دار بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ یا انڈین انٹیلی جنس بیورو کے لیے کام کررہے تھے۔یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ تمام افراد پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔الیکٹرانک میڈیا پر شروع ہونے والی ان اطلاعات کی تصدیق دفتر خارجہ کے کسی عہدے دار کی جانب سے نہیں کی جاسکی اور سرکاری سطح پر کوئی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔بین الریاستی تعلقات میں انڈر کور آفیسرز تعینات کرنا معمول کی بات ہوتی ہے تاہم میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق، منظر عام پر آنے والے بھارتی خفیہ ایجنٹس پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے جس میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو نقصان پہنچانا اور ملک میں خوف و ہراس پھیلانا بھی شامل ہے۔یہ الزام بھی عائد کیا گیا کہ یہ ایجنٹس پاکستان میں مخبروں کا نیٹ ورک بنا رہے تھے اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے حقائق کو مسخ کرکے پیش کرنے میں مصروف تھے۔