اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے اچانک دھرنا ختم کرنے سے کپتان کے قریبی ساتھی اختلافات کا شکار ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے دھرنا موخر کرنے پر عمران خان نے قریبی رفقاء نے آج اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والے جلسے سے لاتعلق رہنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کیخلاف تحریک انصاف کے دیئے جانے والے دھرنے سے پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی گراف بلندیوں کی جانب گامزن ہو گیا تھا لیکن اچانک تحریک انصاف کے دھرنے کو موخر کر دینے کے فیصلے نے تحریک انصاف کے سیاسی گراف کو زوال پذیر کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے عمران خان سے شکوہ کیا ہے کہ تحریک انصاف کی خواتین کی گرفتاریوں اور کارکنوں پر بیہمانہ تشدد کے بعد ہر حال میں عمران خان کو دھرنا دینا چاہئے تھا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے مرکزی قیادت کے تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے علاوہ دیگر صوبوں کی قیادت کارکنوں کو اسلام آباد لانے میں ناکام رہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے صوبوں کی قیادت سے مایوسی ہوئی ہے ، ہم جلد پارٹی کی تنظیم نو کریں گے۔