اسلام آباد(ایکسکلوژورپورٹ) نجی ٹی وی پروگرام میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ہی سینئر سیاستدان ظفر علی شاہ نے انکشاف کیا کہ میاں نواز شریف کے بعد اگر کوئی ہماری پارٹی میں وزارت عظمیٰ کا اہل ہو سکتا ہے تو وہ بیگم کلثوم نواز ہیں۔ ظفر علی شاہ نے کہا کہ یہ کہا جاتا ہے کہ وہ رکن قومی اسمبلی ہی نہیں اسلئے وہ کیسے وزیر اعظم بن سکتی ہیں؟ ۔ اگر کلثوم نواز وزیر اعظم نہ بنیں تو ان کے بعد شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے موزوں امیدوار ہو سکتے ہیں۔ سینئر سیاستدان ظفر علی شاہ نے کہا کہ ان دونوں رہنماؤں کو وزیر اعظم بنوانے کیلئے الیکشن کی ضرورت ہوگی جس میں ڈیڑھ سے دو ماہ لگ سکتے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) کے پاس اتنا وقت نہیں، ملکی سیاسی معاملات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ظفر علی شاہ نے کہا حمزہ شہباز رکن قومی اسمبلی ہیں لیکن ان کے وزیر اعظم بننے کے کوئی چانسز نہیں۔ ظفر علی شاہ نے کہا کہ ان تمام معاملات کے بعد کوئی پارٹی میں سینئر ترین شخص ہے جو اندرونی و بیرونی معاملات کو دیکھتا ہے تو وہ چوہدری نثار ہیں۔ چوہدری نثار رکن قومی اسمبلی بھی ہیں اور وہ وزارت عظمیٰ کے اہل بھی ہیں۔ سینئر سیاستدان ظفر علی شاہ نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے آئندہ وزیر اعظم ہو سکتے ہیں۔