کراچی (این این آئی) سندھ کے وزیر برائے صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ قربانی ہوئی ہے مگر قربانی کے تین دن ہوتے ہیں ابھی دو دن باقی ہیں آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے ،اگلے دس دن بہت اہم ہیں۔چودھری نثار کا ستار ہ گردش میں ہے انہیں وزیر اعظم بنتے نہیں دیکھ رہا ،ممکن ہے کہ کوئی اور وفاقی وزیر آئندہ وزیر اعظم ہو۔جو بھی ہو گا وہ پیار ا ہو گا۔ضیاء کا زمانہ گزر گیا لیکن ضیاء کی باقیات تو باقی ہیں۔پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ جمہوریت تسلسل سے چلتی رہے میں عمران خان کو مشورہ دو ں گا کہ 2018کے الیکشن تک انتظار کریں ،اس وقت اگر کوئی بد انتظامی ہوئی تو پاکستان کے خلاف پروپیگینڈہ کرنے والوں او ر ناکام ریاست کی انگلیاں اٹھانے والوں کو تقویت ملے گی جو کہ پاکستان کے خلاف ایک سازش ہے اور اس سازش کا پاکستا ن کی تمام جمہوری قوتیں مل کر مقابلہ کریں گی اور پاکستان کی سا لمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔