لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے دھرنے کو ناکام بنانے اور قافلوں کی روانگی روکنے کیلئے پنجاب حکومت نے منصوبہ تیار کرلیا‘یکم نومبر کو شہر کے داخلی و خارجی راستوں کو مٹی بھرے کنٹینرز لگا کر بند کیا جائے گا، حساس مقامات پر کیٹنرز کھڑے کر دیئے گئے ہیں اور کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد احتساب دھرنے میں کارکنوں کی شرکت کو روکنے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کر لی جس کے تحت یکم نومبر سے منصوبے پر عملدرآمد ہونا شروع ہوجائے گا۔ منصوبے کے تحت لاہور موٹر وے کو یکم نومبر سے کنٹینرز کی مدد سے بلاک کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے ذرائع کے مطابق شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو مٹی بھرے کنٹینرز لگا کر بلاک کردیا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر کے بڑے بڑے شہروں کو بھی سیل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے،لاہور سمیت تمام بڑے بڑے شہروں میں کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔لاہور پولیس نے اب تک 150 کے قریب کنٹینرز پکڑ لیے ہیں جبکہ لاہور کے ایس ایچ اوز کو 300 کنٹینرز پکڑنے کا ہدف دیا گیا ہے جنہیں وزیر اعلی ہاوسز اور جاتی عمرہ میں لگانے کے ساتھ ساتھ دیگر حساس مقامات پر لگا کر راستے سیل کیے جائیں گے۔