کوئٹہ(آئی این پی)کوئٹہ کے علاقے سریاب میں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4اہلکار زخمی ہوگئے ،سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،سیکورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے،تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔پیر کی شب کوئٹہ کے علاقے سریاب میں نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر پردھاوا بول دیا اور فائرنگ شروع کردی جس سے چار اہلکار زخمی ہوگئے ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایف سی اور دیگر سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔حملہ آواروں کی تعداد پانچ سے چھ بتائی جاتی ہے،ٹریننگ سینٹر میں500زیر تربیت اہلکار موجود ہیں،ڈی آئی جی کے مطابق حملہ آور ہاسٹل میں گھس کر فائرنگ کررہے ہیں،اس سینٹر میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے ریکروٹس موجود ہوتے ہیں۔تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔