ڈیرہ اللہ یار (آن لائن)کمشنرنصیرآباد احمدعزیز تارڑ اور ڈی آئی جی شرجیل احمد کھرل نے کہاہے کہ سابق ڈی پی او جعفرآباد کے سانحہ سے بلوچستان پولیس کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے بلوچستان پولیس ایک فرض شناس پولیس آفیسر سے محروم ہوگئی ہے جن کی پیشہ ورانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانھوںنے محکمہ پولیس بلوچستان کی طرف سے ڈی پی او جعفرآباد جہانزیب کاکڑ کی روح کو ایصال ثواب کے لئے بڑی خیرات فی سبیل اللہ اور قرآن خوانی کے بعد تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد جاوید انور شاہوانی ، ایس ڈی ایم کاشف کھوڑو، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر غلام حسین ، ڈی پی او نصیرآباد محمد سلیم لہڑی، اور دیگر پولیس کے اعلیٰ آفیسران اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ انھوں نے کہاکہ جہانزیب کاکڑ نے اپنی تعیناتی کے دوران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر انداز میں سرانجام دیا اور مختصر عرصے میں ضلع میں مثالی امن قائم کیا اور اپنی خوش اخلاقی اور فرض شناسی کے باعث نہ صرف ضلع میں بلکہ بلوچستان پولیس میں بہتر نام کمایا ہے جن کی خدمات کو بلوچستان پولیس میں ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔انھوںنے کہاکہ اس سانحہ پر بلوچستان پولیس سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہیں انھوں نے کہاکہ جہانزیب کاکڑ جیسے باصلاحیت اورایماندارپولیس آفیسر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جو اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک اور صوبے کانام روشن کرتے ہیں اس سے قبل سابقہ ایس ایس پی جہانزیب کاکڑ کی روح کو ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور غرباء میں لنگر تقسیم کیاگیا۔