راولپنڈی/بیجنگ (آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے، آرمی چیف نے چینی ہم منصب کو نئے آرمی ہیڈکوارٹر کی کمانڈ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیف شریف دو روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچ گئے،آرمی چیف سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی ہم منصب سے ملاقات بھی کی جس دوران دفاعی شعبے میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی ہم منصب کو نئے آرمی ہیڈکوارٹر کی کمانڈ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دونوں ملکوں کی عسکری قیادت کی ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی، تکنیکی مہارت اور خفیہ معلومات کے تبادلے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو بیجنگ میں آرمی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔