اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان شوکت خانم کینسر ہسپتال کے چیریٹی فنڈز سیاست میں استعمال کر رہے ہیں۔ پیر کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ شوکت خانم کے فنڈز میں کرپشن کے حوالے سے شواہد پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے خود کو اور اپنی فیملی کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پاناما پیپرز پر احتساب نہیں چاہتی بلکہ وہ اس پر صرف سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقتصادی استحکام کا عمل شروع ہو گیا ہے لیکن مخالفین ملک میں ترقی کے عمل کو روکنے کیلئے الزامات اور انتشار کی سیاست چاہتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے، قومی معیشت کے استحکام اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے میں کامیاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو سمیت قومی اداروں کو کرپشن میں ملوث کسی بھی شخص کے خلاف شفاف تحقیقات کیلئے مزید بااختیار بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔