لاہور (نیو زڈیسک) اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کیلئے خورشید شاہ سے بات ہوگئی ‘ شاہ محمود قریشی کااعلان، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وفد نے لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں سے ملاقات کی جس میں پانامہ لیکس کی تحقیقات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود سمیت دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ضیا عبدالرحمن اور سیکرٹری انس غازی سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی اور پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ (ن)لیگ کمیشن میں فرانزک آڈٹ پر اعتراض کر رہی ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ بااختیار کمیشن بنا کر اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ۔حکومت پانامہ لیکس کے معاملے پر دکھاوے کا جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا ارادہ ہے اور اس معاملے میں خورشید شاہ سے بات ہوگئی ہے۔انہوں نے کہ کمیشن بنانے کے معاملے پر سپریم کورٹ بار کی تجاویز میں وزن ہے، تحریک انصاف چاہتی ہے کہ پانامہ لیکس میں ملوث ہر فرد کیخلاف بلاتفریق تحقیقات ہوں چاہے وہ کسی بہی سیاسی جماعت سے تعلق رکہتا ہو۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آرمی چیف راحیل شریف نے ثابت کیا ہے کہ کوئی مقدس گائے نہیں ہے۔اس موقع پر صدر ہائیکورٹ بار رانا ضیا عبدالرحمن نے کہا کہ ہائیکورٹ بار ایسوسی کسی سیاسی جماعت کے زیر اثر نہیں ہوتی اور نہ ہی کسی کا آلہ کار بنتی ہے، کرپشن کیخلاف تحریک انصاف کے موقف کی حمایت کرتے ہیں لیکن ساتھ دینے کا حتمی فیصلہ وکلا کی مشاورت سے کرینگے۔ہائیکورٹ بار پہلے ہی پانامہ لیکس پر شفاف تحقیقات کیلئے قرار داد منظور کر چکی ہے۔