فیصل آباد(نیوز ڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت کا ایک پیج پر ہونا 20 کروڑ عوام کا حق ہے ، نواز شریف نے مشرف کو ذاتی معاملات پر معاف کیا آئین توڑنے پر نہیں ، عمران خان قومی ٹیم کے ساتھ ہونے والی دھاندلی پربھارت میں دھرنا دے دیں ہم ساتھ دینگے ۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عسکری و سیاسی قیادت کا ساتھ ہونا بیس کروڑ عوام کیلئے بہت اچھی بات ہے اگر ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت قدم سے قدم ملا کر چلے گی تو مسائل حل ہوسکیں گے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے علاج کیلئے ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست دی تھی پرویز مشرف علاج کی غرض سے باہر گئے ہیں پرویز مشرف ملک میں بیمار اور باہر جا کر تندرست ہوگئے ہیں ۔ ایک سوال کا جواب دیتے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے ذاتی معاملات سے پرویز مشرف کو معاف کیا ہے ملک کا آئین توڑنے پر معاف نہیں کیا ۔ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر بلاول بھٹو کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول ابھی بچہ ہے اسے ذرا میچور ہونے دیں کیونکہ بلاول کی گفتگو میں ابھی بچگانہ نظر آتا ہے ۔ تحفظ حقوق نسواں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عورت ، بیوی ، بہن ، بیٹی اور ماں ہے اسے عزت دینا ہمارا دینی اور دنیاوی فرض ہے مولانا فضل الرحمن کی جانب سے واویلا ہماری سر آنکھوں پر ہے رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ اس دفعہ بھارت میں ہماری کرکٹ ٹیم سے دھاندلی ہوگئی ہے عمران خان بھارت میں موجود ہیں انہیں چاہیے کولکتا میچ میں جو بھارت نے دھاندلی کی اس دھاندلی کیخلاف وہیں پر دھرنا دے دیں ہم بھی خان صاحب کے ساتھ ہونگے