کولکتہ(نیوز ڈیسک) پاکستان ورلڈکپ میچز میں بھارت سے ہارنے کی روایت نہ توڑ سکا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بڑے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 119 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انڈین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، 14 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے روہت کو 10 رنز پر پویلین بھیجا جب کہ محمد سمیع نے پانچویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر دھون کو 6 اور رائنا کو صفر پر بولڈ کیا۔ ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے چوتھی وکٹ کیلئے61 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی جیت کی پوزیشن میں لاکھڑا کیا، یووراج 23 گیندوں پر 24 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی 36 گیندوں پر 55 رنز اور ایم ایس دھونی 13 رنز پر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 2، وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔