کولکتہ (نیوز ڈیسک) بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے معرکے میں بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم نے مقررہ 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔ شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان 24 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ دوسری وکٹ احمد شہزاد کی صورت میں گری وہ 27 گیندوں پر 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے کپتان شاہد آفریدی بھی سکور کرنے میں ناکام رہے وہ 14 گیندوں پر 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلئے 41 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، عمر اکمل 16 گیندوں پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرفراز احمد 8 اور محمد حفیظ 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔