اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم میاں نواز شریف نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران رہنماﺅں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعودی شاہ سلمان سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عوام کے درمیان قریبی تعلقات ہیں ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے تاہم پاکستان ان تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔سعودی شاہ سلمان نے وزیرا عظم کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔