اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کروڑوں روپے وصول کرنے والی وفاقی پولیس کو ملنے والا سرکاری ماہانہ پٹرول اور ڈیزل ختم ،دارالحکومت کی سیکیورٹی داؤ پر لگ گئی ۔اس بات کا انکشاف ایک وفاقی پولیس افسر نے کیا انہوں نے بتایا کہ وائرلیس سیٹ پر ڈی پی ڈی کی جانب سے سرکاری پٹرول اور ڈیزل ختم ہونے کے اعلانات کیے جارہے ہیں اور پولیس عملہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ پٹرول وڈیزل میسر نہیں ہے ڈی پی ڈی کا رخ نہ کیا جائے دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز اورد یگر حکام کی جانب سے ریڈ زون سمیت تعلیمی اداروں اور اہم عمارتوں کی سیکورٹی کے لیے پانچ سے دس بار پٹرولنگ نے دوہری اذیت میں مبتلاکردیاہے ۔ ان کا مزیدکہناتھاکہ ایک طرف اعلی افسران کی جانب سے ناقص پالیسی کے تحت پولیس کو ملنے والے سالانہ بجٹ کی پچاس فیصد رقم استعمال نہ ہونے کے باعث واپس وزارت داخلہ کو لوٹادی جاتی ہے دوسری جانب نیا ماہ شروع ہوتے ہی سرکاری طورپر ملنے والے پٹرول اور ڈیزل پر پابندی لگادی جاتی ہے ایسی صورتحال میں وفاق کی سکیورٹی سخت خطرے میں ہے جب تک سرکاری وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن نہیں بنائی جائے گی ملک میں بہتری نہیں آسکتی ۔