گوجرانوالہ(نیوز ڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نیچے اور نواز شریف کا کاروبار اوپر جارہا ہے اسحاق ڈار کے دبئی میں اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔نواز شریف سے سوال کرنا عوام کا حق ہے دونوں بھائیوں کے اشتہار سرکاری خرچے پر لگ رہے ہیں، اشتہاروں سے بجلی بن رہی ہے اصل میں کچھ نہیں ہورہا، میاں صاحب ظلم نہ کریں اگر اپنی شکل اخباروں میں دکھانی ہے تو اشتہاروں پر پیسہ بھی اپنی جیب سے لگائیں۔گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بناوں۔نواز شریف کا منصوبہ غربت ختم کرنا نہیں بڑے منصوبے بنانا ہے، ان کے آنے سے امیر مزید امیر اور غریب ، غریب تر ہوتا جارہا ہے۔ہم نے کے پی کے میں ہسپتال ٹھیک کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے اور ہسپتالوں میں اصلاحات کے منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، خواہش ہے سرکاری ہستپال بھی نجی ہسپتالوں کی طرح کام کریں۔ چاہے حکومت چھوڑنی پڑجائے مگر اصلاحات کا کام نہیں رکے گا۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں غریبوں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اگر اورنج لائن ٹرین کے 200 ارب تعلیم پر خرچ کیے جاتے تو کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہتا۔ حکمران بادشاہت کررہے ہیں اسی لیے اپنے بچوں کو تیار کررہے ہیں۔22 تاریخ کے الیکشن میں بادشاہت اور نئے پاکستا ن میں مقابلہ ہوگا۔