نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارتی حکومت نے جنوبی ایشیائی کھیلوں کےلئے پاکستانی کھلاڑیوں اور اتھلیٹس کوبھارت آنے پر تیار کرنے کےلئے مزید دو ہوائی اڈوں کو پاکستانی پروازوں کےلئے کھولنے کااعلان کر دیا ہے ۔بھارتی میڈیاکے مطابق اس فیصلے کے بعد پاکستانی پروازیں کولکتہ اور گواہٹی کے ہوائی اڈوں پر بھی اتر سکیں گی اس وقت پاکستانی پروازیں صرف دہلی ¾ ممبئی اور چنائی کے ہوائی اڈوں پر اتر سکتی ہیں ۔اس فیصلے سے پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولت ہوگی اور ان کے سکیورٹی خدشات بھی دور کئے جاسکیں گے ۔وزارت داخلہ کے جاری احکامات میں کہا گیا کہ گواہٹی اور کولکتہ کے ہوائی اڈوں سے جنوبی ایشیائی کھیلوں کے مقامات قریب ہیں تاہم علاقے میں قائم چیک پوسٹوں کے ذریعے وہاں آنے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ چیک کئے جائینگے ۔ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ اس فیصلے کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو سہولت دینا ہے تاکہ انہیں تکلیف نہ ہو ۔واضح رہے کہ پاکستانی کھیلوں کی تنظیموں نے بھارت میں انتہا پسند تنظیموں کے پر تشدد واقعات کے بعد سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کھیلوں میں شرکت نہ کر نے کاعندیہ دیا ہے ۔