شارجہ (نیوزڈیسک) برطانوی میڈیا نے شارجہ ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان کی انگلینڈ کے ہاتھوں چھ وکٹ کی شکست کو مشکوک قرار دے دیا ہے اور اس بارے میں اپنے شکوک شبہات کا اظہار کیا ہے۔ تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ الزامات بکواس ہیں۔ منگل کو انگلینڈ کیخلاف پاکستان کے تین بیٹسمین رن آوٹ ہوئے اور چار بیٹسمین غیر ذمے دارانہ اسٹروکس کھیل کر آوٹ ہوئے۔پاکستان کی شکست اور بیٹنگ لائن کی حیران کن کارکردگی پر انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے سوشل میڈیا پر پاکستانی بیٹنگ کی کارکردگی کو مشکوک قرار دیا۔شارجہ میں پاکستان کےچھ وکٹ32پر گرگئے جبکہ مجموعی طور پر9وکٹ116رنز پر گئے۔مائیکل وان کے سماجی ویب سائٹ پر پیغام پرانگلش کپتان یوان مورگن نے محتاط انداز میں کہا کہ یہ حسا س معاملہ ہے میں اس پر تبصرہ نہیں کرسکتا۔مائیکل وان نے ٹوئٹ کرنے کے چند گھنٹے بعد اس پیغام کو ہٹا لیا لیکن برطانوی میڈیا اس بارے میں با ربار بات کررہا ہے۔ مائیکل وان نے کہا کہ پاکستان کے تین بیٹسمین رن آوٹ ہوئے اور الٹے سیدھے شاٹس کھیل کر آوٹ ہوئے۔اس سے قبل ایسا کبھی نہیں دیکھا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم احمق ہیں۔مجھے مشکوک کرکٹ سے نفرت ہے ، کھیل میں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان الزامات کو بکواس قرار دیا ہے۔ اظہر علی کا کہنا ہے کہ خراب کھیل کر ہارے ہیں۔کپتان کی حیثیت سے شکست کی ذمے داری قبول کرتا ہوں ٹیم سلیکشن میں میرا مشورہ بھی شامل ہوتے ہیں۔ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے ہار جیت کھیل کا حصہ ہیں۔الزامات ٹیم کو بدنام کرنے کی مہم کا حصہ ہیں۔یہی ٹیم دو ٹیسٹ اور ایک ون ڈے جیتی بھی ہے۔