کراچی(نیوزڈیسک) پاکستان کسٹمزکے ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ کراچی نے سونے کی برآمدات کی آڑ میں100 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی تصدیق کی ہے۔اس ضمن میںذرائع نے بتایا کہ سونے کے درآمدکنندگان نے ایس آر او نمبر266 کا غلط استعمال کرتے ہوئے ڈیوٹی فری سونا ملک میں درآمد کیا ۔جسے ویلیو ایڈیشن کر کے 120 یوم کی مدت میں دوبارہ برآمدکرنا ضروری تھا تاکہ طلائی زیورات کی برآمدات سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ مل سکے لیکن اس کے برعکس درآمدکنندگان نے کراچی میں 65 ارب روپے، لاہور میں 12 ارب 83 کروڑ اور راولپنڈی میں 12 ارب 42 کروڑکا سونا درآمد کیا مگر اس کے بدلے کراچی سے درآمدی سونے کی مالیت کے برعکس صرف 42 ارب 99 کروڑ روپے، لاہور سے 63 ارب 4کروڑ روپے اور راولپنڈی سے 64 ارب 11 کروڑ 30لاکھ روپے کے گولڈ جیولری برآمدکی گئی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی سے 100ارب روپے سونے کی شکل میں باہر بھجوایا گیاکیونکہ ان کے بدلے میں نہ توفارن ایکس چینج ملک میں آیا نہ ہی ان کے فارم ای کی متعلقہ بینکوں نے تصدیق کی۔ذرائع نے بتایاکہ میسرز سامی امپکس، میسرز راباب انٹر پرائزز، میسرز بی ڈی انٹرپرائزز، میسرز ریاض کارپوریشن اور مکہ جیولرز کے خلاف پہلے ہی 9 ایف آئی آرکا اندارج کیا جا چکا ہے جن کے مقدمات عدالت میں زیرسماعت ہیں۔واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ کی جانب سے سونے کے زیورات کی برآمدمیں استعمال ہونے والے مجموعی طور پر 3374 فارم ای کے جعلی یا اصلی ہونے کی تصدیق کے لیے 17بینکوں میں شامل حبیب بینک کو 1کھرب 11ارب روپے کے 1178 فارم ای، ایم سی بی کو 22 ارب 47 کروڑروپے کے 856فارم ای،فیصل بینک کو 12 ارب 72 کروڑ روپے کے 106فارم ای، سنہری بینک کو 8ارب روپے کے 145فارم ای ،یونائٹیڈبینک کو 3ارب 44 کروڑ روپے کے 55فارم ای، بینک الفاح کو 2 ارب 69 کروڑروپے کے 72فارم ای،حبیب میٹروپولیٹن بینک کو 2ارب 5 کروڑ روپے کے476 فارم ای،سلک بینک کو 2ارب 6 کروڑ روپے کے 38 فارم ای، عسکری بینک کو 2ارب روپے کے 48 فارم ای،نیشنل بینک کو1ارب 65 کروڑ روپے کے 282 فارم ای، بینک الحبیب کو 76کروڑ روپے کے 62 فارم ای، این آئی بی بینک کو 63کروڑ روپے کے 9 فارم ای، سمٹ بینک کو 17کروڑروپے کے 21 فارم ای، الائیڈبینک کو 12 کروڑروپے کے 17فارم ای، مائی بینک کو 63 لاکھ روپے کے 6 فارم ای، میزان بینک کو 25 لاکھ روپے کے 2 فارم ای اورالبرکہ بینک کو 4لاکھ روپے کے 1فارم ای کے ذریعے سونے کے زیورات کی برآمدکی گئی۔