کراچی(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے حوالہ ہنڈی کے چار رکنی بین الاقوامی گروہ کا سراغ لگا لیا ہے جس کے بعد ایف آئی اے نے گروہ کے ارکان کے ریڈ وارنٹس جاری کرنے کیلئے انٹرنیشنل پولیس کو خط لکھ دیا ہے ۔ایف آئی اے حکام نے حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی گروہ میں شامل چار افراد کی گرفتاری کیلئے انٹرنیشنل پولیس سے رابطہ کیا ہے اور ان کے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی ہے حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی گروہ میں نور اللہ اس کے دو بیٹے جاوید اور نوشاد کے علاوہ محمد حنیف بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گروہ کا امریکا میں گرفتار الطاف خانانی سے بھی رابطہ رہا ہے۔ الطاف خانانی نے 2008 میں پاکستان سے فرار کے بعد دبئی میں ملزمان کے ساتھ کام کیا۔گروپ کے ارکان کا الزرونی گروپ سے بھی تعلق ہے۔ گروہ کے ارکان مارس ٹریڈرز کے ساتھ حوالہ ہنڈی کا کام کرتے رہے ۔ وہ اہم شخصیات کے علاوہ ایگزیکٹ کمپنی اور کالعدم جماعتوں سے رقوم کا لین دین کرتے رہے۔