جیکب آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان جاری بیانی جنگ پر کوئی تبصرہ نہیں کرونگا کیونکہ وہ آپس میں چچا اوربھتیجے ہیں،نیٹو فورسز افغانستان میںتاحال مکمل امن نہیں کراسکی لیکن دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جاری فوجی آپریشن ضرب عضب میں کامیابی کو پورے دنیا نے سراہا ہے جوہماری پاک فوج کی بڑی کامیابی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹر لیبر یونین کے ڈویژنل چیئرمین عبدالرشید عباسی کی وفات پربڑے بھائی سابق سی ای او سیپکو منور نظیر عباسی ڈاکٹر بشیر احمد عباسی،نوید احمد عباسی اور دیگر ورثاءسے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مظفر عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ کراچی میں امن کے لیئے سول اور ملٹری فورسز کا مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کیا تھا جس پربہتر نتائج حاصل ہوئے اور امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے ، ہماری حکومت کو دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے اور اینرجی کرائسز کو دہشت گردی کے چیلنج سے کم نہیں سمجھتے ہیں، ہماری حکومت کی کامیابی ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کی لسٹ سے خارج کردیا گیا ہے، کیونکہ پاکستان میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جیکب آباد میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقع پر پوری قوم کے ساتھ ہمارے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے دکھ کا اظہار کیا اوراس پر تحقیقات جاری ہے جلد دہشت گردی میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے گا ،سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سختی سے پیش آنے کی ہدایات کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت آئی ہے بجلی کے نرخو ںمیں 6روپے تک کی کمی کی گئی ہے، جبکہ 18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کو 6گھنٹوں تک پہنچایا گیا ہے،2017تک تربیلہ، نیلم، جہلم، نندی پور، پورٹ قاسم اور سئی گیس پر بجلی کی پیداوار کے دیگر منصوبوں پر کام مکمل کرکے تمام منصوبوں کو سسٹم میں لایا جائے گا اور لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتم کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہر کام پر تین گنا منافعہ کمایا جاتاتھا جسے ہمار حکومت کم کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے جس کے بعد مہنگائی میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے ہماری حکومت ٹرا نسپیرنسی پر یقین رکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی واویلا کرنے والوں کا منہ بند کرنے کے لیے فوج کی نگرانی میں بلدیاتی انتخابات کرائے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان کے بیانات پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ یہ چچا اوربھتیجے کا مسئلہ ہے۔