لاہو(نیوزڈیسک)واپڈا ترجمان نے آج بعض اخبارات میں واپڈا کی نجکاری کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا نہیں بلکہ پاور سیکٹر کمپنیوں کی نجکاری زیرِ عمل ہے ۔ترجمان نے کہا کہ چونکہ پاور سیکٹر کمپنیاں واپڈا کے ماتحت نہیں ہیں ، اس لئے اِن کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو واپڈا کی نجکاری کا عمل قرار دینا حقیقت کے منافی ہے ۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پاور سیکٹراصلاحات اور 2007 ءمیں پاور ونگ کی تنظیمِ نو کے بعد جنکوز (GENCOS) ، این ٹی ڈی سی اور ڈسکوزواپڈا کے ماتحت نہیں ہیں بلکہ یہ خود مختار کمپنیوں کے طور پر کام کر رہی ہیں ۔ واپڈا کا دائر ہ کار اب صرف پانی اور پن بجلی کے نئے منصوبوں کی تعمیر اور موجودہ پن بجلی گھروں کے آپریشن اور دیکھ بھال تک محدود ہے ۔