بیجنگ (نیوزڈیسک)پاکستان اور بھارت کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )میں شامل کر نے کے بارے میں رکن ممالک کا اہم اجلاس منگل کو بیجنگ میں شروع ہوگیا ہے جس میں روس , چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے نمائندے شریک ہیں ۔اجلا س میں ایس سی او کونسل کے ائندہ اجلاس کے بارے میں ایجنڈے پر بھی غور کیا جائیگا جو اس سال دسمبر میں چین میں ہونا ہے ۔پاکستان اور بھارت کو ایس سی او میں مکمل رکن کے طورپر شامل کر نے کا فیصلہ روس کے شہر اوفا میں دس جولائی 2015کو کیاگیا تھا اس موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی ملاقات بھی ہوئی تھی ۔طے شدہ پروگرام کے مطابق توقع ہے کہ دونوں ملک آئندہ سال باقاعدہ مکمل رکن بن جائینگے ۔چین کے صدر ژی جن پنگ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان اور بھارت کی شمولیت سے تنظیم زیادہ فعال ہوگی اور رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھے گا ۔تنظیم میں چین, قازقستان , کرغزستان , روس , تاجکستان اور ازبکستان مستقل رکن ہیں جبکہ افغانستان , بیلا روس , بھارت , ایران , منگولیا اور پاکستان کو مبصر کا درجہ حاصل تھا جبکہ اب بھارت اور پاکستان کو مستقل رکن بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے سری لنکا اور ترکی کو اس تنظیم میں ڈائیلاگ پارٹنر کی حیثیت حاصل ہے ۔