پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین نے عدم دلچسپی کی انتہا کردی ، 34دن بعد شروع ہونےوالے اجلاس میں31ممبران بھی شرکت نہ کرسکے جس کے بعد سپیکر نے مجبوراً اجلاس (آج ) منگل سہ پہر تین بجے تک کےلئے ملتوی کردیا ، گزشتہ روز خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 34دنوں کے وقفے کے بعد جب دوبارہ شروع ہوا تو ایوان میں صرف ایک رکن اسمبلی موجود تھے اسلئے سپیکر کی آمد پر سارجنٹ اٹ آرمز نے” محترم اراکین اسمبلی جناب سپیکر صاحب تشریف لا رہے ہیں کی بجائے اعلان کیا کہ محترم رکن اسمبلی جناب سپیکر صاحب تشریف لارہے ہیں “ تلاوت کلام پاک کے بعد وقفہ سوالات شروع ہوا تو اس دوران مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شیراز خان نے کورم کی نشاندہی کی جس پر سپیکر نے دو منٹ تک گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی اس وقت ایوان میں صرف17ممبران موجود تھے جبکہ اجلاس جاری رکھنے کےلئے کم از کم31ممبران کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے سپیکر اسد قیصر نے مجبوراً اسمبلی کا اجلاس آج بروز منگل سہ پہر تین بجے تک ملتوی کرنےکا اعلان کیا ، واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کے ایک دن کے اجلاس پر قوم کے لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔