ناگپور(آئی این پی ) بھارتی ریاست بہار میں انتخابات میں بدترین شکست کے بعد بی جے پی کے رہنماﺅں کے درمےان لفظی جنگ کا تبادلہ جاری ہے،بی جے پی کے رکن اسمبلی شتروگھن سنہا نے ایک بار پھر حکومتی پالےسوں پر کڑی تنقےد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت دال کی قیمتوں میں اضافے کو بھی کنٹرول کرنے میں ناکام ہے، یہ سچ ہے اور اگر سچ بولنا بغاوت ہے تو ہاں میں باغی ہوں۔بھارتی مےڈےاکے مطابق پارٹی کی جانب سے بدستور نظر انداز کئے جانے کے بعد شتروگن نے لفظی حملہ کرتے ہوئے ناگپورمیں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی بی جے پی کے ایک وفادارکارکن ہیں اورایک سینئر پارٹی لیڈر ہونے کے ناطے پارٹی کو درپیش مسائل اورمعاملات پر بات کرتے رہیں گے تاہم دال کی قیمتوں میں اضافے پربات کرنا اگربغاوت ہے تو ہاں میں نے بغاوت کی ہے۔دوسری جانب پارٹی کے ایک ایم پی پٹنہ صاحب کاکہنا ہے کہ پارٹی مخالف بیانات پر شتروگن کے خلاف عنقریب پارٹی سخت ایکشن لے سکتی ہے۔ شتروگن سنہا کے علاوہ آر کے سنگھ اور بھولا سنگھ کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے۔واضح رہے کہ اداکاری سے سیاست کی جانب آنے والے شتروگن سنہا بہار میں ہونے والے انتخابات کی مہم سے دستبردار ہوگئے تھے اوران کاکہناتھا کہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے جارحانہ مہم کی وجہ سے بی جے پی نے 53 سیٹیں گنوائیں۔ان کے مطابق بہار میں مودی نے اقتصادی پیکج کا اعلان بھی کیا لیکن عوام نے اسے نوٹنکی سمجھ کر ٹھکرا دیا جب کہ بہار کے انتخابات میں 243 نشستوں میں سے رتیش اورلالو کے گرینڈ الائینس نے 178 بی جے پی نے 80 اور کانگریس نے 27 سیٹیں حاصل کی تھیں۔