لاہور(نیوز ڈیسک)ہندوستانی شہری نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں واہگہ بارڈر پر تیز رفتار جیپ پاکستانی گیٹ سے ٹکرا دی۔ گاڑی کی ٹکر سے ہندوستانی دروازہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ پاکستانی گیٹ کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔گیٹ سے ٹکرانے کے بعدجیپ زیرولائن کراس کرکے پاکستانی حدود میں داخل ہوگئی۔انڈین حکام نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ جیپ پاکستان رینجرز کے قبضے میں آگئی۔بھارتی حکام سے مذاکرات کے بعد گاڑی بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حوالے کردی گئی۔واقعے کے بعد ہندوستانی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) حکام کو لکھے گئے خط میں پنجاب رینجرز نے واقعے پر احتجاج کیا ہے۔خط کے ساتھ گاڑی کی پاکستانی حدود میں گیٹ سے ٹکرانے کی تصویریں بھی ہندوستانی حکام کو ارسال کی گئی ہیں۔خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بی ایس ایف حکام تحقیقات کر کے بتائیں کہ یہ واقعہ کیونکر پیش آیا، آیا اس کے پیچھے کوئی سازش تو نہیں تھی۔اطلاعات کے مطابق یہ شخص کینیڈا میں رہنے والے ہندوستانی شہری تھا جو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا