ماسکو(نیوزڈیسک) روسی حکومت نے مصر کی قومی ائیرلائن کے مسافر بردار طیاروں کے اپنے ملک میں داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری ائیرلائن کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے ماسکو ایوی ایشن اتھارٹی نے مصری ہوائی جہازوں کو روس میں اترنے سے منع کر دیا ہے۔ مصری عہدیدار نے ماسکو کے ڈوموڈیڈوفو ہوائی اڈے پر بتایا کہ روسی فضائی نگرانی کے ادارے ”روز افیاٹزا“ نے آج سے مصری ہوائی جہازوں کی آمد روک دی ہے۔ روسی حکومت کی جانب سے مصری ہوائی جہازوں کو اپنی سر زمین میں اترنے سے روکنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دو ہفتے قبل مصر کے جزیرہ نما سیناءمیں روس کا ایک مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ شبہ ہے کہ طیارہ فنی خرابی سے نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار ہوا ہے۔ مصر کے شہری ہوا بازی کے وزیر حسام کمال نے اپنے ایک بیان میں روس کی جانب سے پابندی کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسکو کے ڈوموڈیفو ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے مصری ائیرلائن کے ایک ڈائریکٹر کو اپنے فیصلے سے مطلع کیا ہے اور کہا ہے کہ ہفتے کے روز سے مصر کے ہوائی جہاز روس کے لیے پروازیں نہیں کر سکیں گے۔ –