کراچی(نیوزڈیسک) پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ہفتہ کو واضح کیا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے حتمی فیصلے سے قبل بھارت کے ساتھ ایک سیریز کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ہر ایک طرح وہ بھی پاکستان، انڈیا سیریز دیکھنا اور کھیلنا چاہتے ہیں۔مصباح نے کہا یہ میری خواہش ہے کہ ریٹائر ہونے سے قبل انڈیا کے خلاف ایک سیریز کھیلوں اور جہاں تک میری ریٹائرمنٹ کا تعلق ہے تو میں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ جب کروں گا تو کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو اس حوالے سے آگاہ کردوں گا۔انہوں نے اگلے سال انگلینڈ کے دورے پر بھی بات کی اگر میں نے انگلینڈ جانے کا فیصلہ کیا تو میں وہاں مکمل طور پر تیار ہوکر جائوں گا اور اپنی ٹیم کو وہاں کے چیلنج کے لیے تیار دیکھنا چاہوں گا۔ہماری ٹیم کہیں بھی جیتنے کی قابلیت رکھتی ہے۔مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا حتمی فیصلہ ابھی تعطل میں ڈال دیا ہے مگر پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان کے مطابق وہ تجربہ کار بلے باز کو اگلے سال جولائی سے ستمبر تک ہونے والے دورہ انگلینڈ کے دوران بطور کپتان برقرار دیکھنا چاہتے ہیں۔
سینئربلے باز ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت 2010 ء کے اواخر سے کررہے ہیں اور ون ڈے سے رواں برس ورلڈکپ کے بعد بطور کپتان ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔41 سالہ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ یو اے ای میں پاکستان کے ساتھ جاری ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کی کامیاب واپسی پر حیران نہیں۔انہوں نے کہا انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم بہت اچھی ہے اور وہ ہر قسم کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے مگر میں جانتا ہوں کہ پاکستان تیسرے میچ میں مضبوط واپسی کرے گا۔
مصباح الحق کو یہ بھی لگتا ہے کہ پاکستان کے نوجوان کھاڑیوں میں ٹیلنٹ تو بہت ہے مگر انہیں انٹرنیشل کرکٹ میں جگہ بنانے کے لیے زیادہ باشعور ہونے کی ضرورت ہے۔
ریٹائرمنٹ سے قبل بھارت کے ساتھ سیریز کھیلنا چاہتا ہوں , مصباح الحق
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں