اسلام آباد(نیوزڈیسک)) چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا ان کا کہنا تھا کہ جب نوازشریف نے دیکھا کہ عمران خان بڑے جلسے کر رہا ہے تو سوچا کیوں نہ کسان پیکج کا اعلان کر دوں۔ لیڈر وہ ہے جو فیصلے اپنی ذات کیلئے نہ کرے۔ عمران خان نے تسلیم کیا کہ پنجاب میں بری طرح بلدیاتی الیکشن ہار گئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی چاروں صوبوں کی زنجیر بنے گی بعض جماعتوں میں صرف انا اور کرسی کیلئے لڑائیاں ہو رہی ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کبھی دھرنے اور کبھی جوڈیشل کمیشن میں پھنسے رہے تاہم دھرنا بھی اہم تھا۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی ترقی کا سنہری موقع ہے۔ ملٹری آپریشن پر بات کرنے پر بڑے بڑے مضمون سننے پڑے کہ عمران خان ملٹری آپریشن کے خلاف ہے۔ ادھر عمران خان نے مشورہ لینے کی بھی فیس مقرر کر دی۔ کہتے ہیں برے وقت میں ہر کوئی مشورہ دینے لگ جاتا ہے۔ ٹھیک ہے جس نے مشورہ دینا ہے دے لیکن پہلے چندہ دے ۔ کپتان مفت مشورہ لینے کو تیار نہیں لیکن خود وہ مشورہ دینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ۔ حتی کہ بھرے مجمع میں مفت سیاسی کوچنگ کی بھی پیشکش کر دیتے ہیں ۔ اب کپتان کو کوئی کیسے سمجھائے جناب ! لوگ مفت مشورہ دیتے نہیں لے ضرور لیتے ہیں۔