لاہور (نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم ایک سال آگے جاتے ہیں پھر کئی سال پیچھے چلے جاتے ہیں ، ملکی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے ، وسائل کی فراہمی کے لیے ہمیں اپنی آمدنی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ایوان صنعت و تجارت کے سربراہوں اور برآمدکنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سال سے برآمدات کے شعبے میں خاطرخواہ ترقی نہیں ہوئی ، ہمیں اس نشست کو نتیجہ خیز بنانا ہے ، مشکلات کے حل کے لیے وسائل کی ضرورت ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کریں جس کے لئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافہ اور ریونیو جمع کئے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ آمدنی ہوگی تو قرضے اتارے جاسکیں گے۔ تاجروں کی طرح زرعی شعبے کے بھی بہت مسائل ہیں ، اجلاس میں وفاقی وزرائ اسحاق ڈار ، خواجہ آصف ، شاہد خاقان عباسی ، خرم دستگیر ، چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے ایوان صنعت و تجارت کے سربراہان ، برآمد کنندگان اور اپٹما عہدیداروں نے شرکت کی۔