اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیف جسٹس انور ظہیر جمالی عہدے نے 24ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب چیف جسٹس سے عہدے کا حلف لیا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی پاکستان کے 24ویں چیف جسٹس ہیں اور وہ تقریبا 15ماہ تک چیف جسٹس رہیں گے۔ صدر مملکت نے 26اگست کو جسٹس انور ظہیر جمالی کی بطور چیف جسٹس تقرری کی منظوری دی تھی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے چیف جسٹس بننے پر جسٹس میاں ثاقب نثار سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج بن جائیں گے۔جسٹس انور ظہیر جمالی کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم، وفاقی وزرا، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سپریم کورٹ کے ججز اور دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ انور ظہیر جمالی 31 دسمبر 1951 سندھ حیدر آباد میں پیدا ہوئے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی 27اگست 2008کو سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تعینات ہوئے۔ 3 اگست 2009کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔ جولائی 2014 میں جسٹس انور ظہیر جمالی قائم مقام چیف الیکشن کمیشن کے عہدے پر بھی پانچ ماہ تعینات رہے۔ انہوں نے مشرف دور میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔