اسلام آباد (نیوز ڈیسک) میجر جنرل ندیم ذکی منج نے پاک فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس (ڈی جی ایم آئی) کی حیثیت سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ اسٹریٹجک اہمیت کا حامل یہ عہدہ میجر جنرل سرفراز ستّار کے تبادلے کے نتیجے میں خالی ہوا تھا۔ انہیں 8ویں انفنٹری ڈویڑن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ کی حیثیت سے سیالکوٹ میں تعینات کیا گیا ہے، یہ عہدہ بھی اہمیت کا حامل تصور کیا جاتا ہے۔ اسی دوران، ذرائع کا کہنا ہے کہ چار لیفٹیننٹ جرنیل، جن میں لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ، لیفٹیننٹ جنرل طارق ندیم گیلانی، لیفٹیننٹ جنرل محمد اعجاز چوہدری اور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان شامل ہیں، ایک ماہ سے بھی کم عرصہ میں یعنی 4 اکتوبر کو ریٹائر ہونے والے ہیں۔ امکان ہے کہ جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کی جگہ پر کوئٹہ میں کمانڈر سدرن کمان اور کمانڈر 12 کور کا عہدہ دیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کوئٹہ میں تعیناتی کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔