اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے اجلاس میں جوہری اثاثوں اور میزائل ٹیکنالوجی کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس ہوا- جس میں وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق ، اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مظہرجمیل نے سول اورعسکری قیادت کو جوہری اثاثوں اور میزائل ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی۔
مزید پڑھئے: پاک چین تعلقات سے خوفزدہ بھارت نے نیا محاذ کھول دیا
اجلاس کے دوران ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج کی کامیابیوں کو سراہا۔ اجلاس میں ملک کے جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول پروگرام اور اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ کے لئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات پر بھر پور اطمینان کا اظہار کیاگیا۔