اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک بار پھر دفتر خارجہ طلب کر کے ہڑپال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاکستانی شہری کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سیز فائر کی خلاف ورزیاں فوری طورپر بند کرے ۔بدھ کو دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے ہڑپال سیکٹر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاءو سارک) کی طرف سے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا گیا کہ بھارتی فوج کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں ایک پاکستانی شہری محمد شریف شہید ہو گیا ۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے جندروٹ نکیال اور کریلا سیکٹر میں بھی سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ایک اور شہری شہید اور چار زخمی ہوئے ۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کیا گیا اور بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر یہ خلاف ورزیاں بند کرے اور 2003 ءمیں ہونیوالی مفاہمت پر عمل کرے ۔
مزید پڑھیئے :وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،کراچی آپریشن ،بھارتی جارحیت کے موثرجواب پرغور