اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے مستقبل کا فیصلہ آج ہوگا جب کہ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ اور جمعیت علما اسلام (ف) کو منانے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا جس میں تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق معاملے سمیت سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم اور جے یو آئی (ف) نے تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر قرارداد واپس لینے سے انکار کردیا جب کہ دونوں ناراض جماعتوں کو منانے کے لئے حکومت نے کوششیں تیز کردیں۔اسمبلی اجلاس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ان کے چیمبر میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم ارکان نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔