پشاور(نیوزڈیسک)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے تمام ریجنل پولیس افسروں اور ضلعی پولیس افسروں کو ہدایت کی ہے کہ حالیہ الیکشن میں جہاں جہاں پر بھی انہیں پولیس کا کسی بھی حوالے سے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت ملیں تو اسمیں انکوائری کرکے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کریں۔یہ ہدایات صوبہ بھر کے اعلیٰ پولیس حکام کو سنٹرل پولیس پشاور سے جاری ہونے والے ایک خصوصی حکم نامے میں جاری کئے گئے ۔واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے بعض اُمیدواروں نے اپنے اپنے بیانات میں الزام لگا یا تھا کہ پولنگ کے دوران بعض پولیس اہلکاروں نے اُن کے مخالف اُمیدواروں کو سپورٹ کیا۔ خصوصی حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ یہ بہت سنگین الزام ہے اور اس کی باقاعدہ انکوائری ہونی چاہیئے۔ آئی جی پی نے حکم نامے میں ریجنل پولیس افسروں اور ضلعی پولیس افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی اُمیدواروں کے ساتھ رابطہ رکھکر ان سے معلومات حاصل کریںکہ اگر اس سلسلے میں ان کے پاس کوئی ثبوت ہیں یا ویڈیو فوٹیج موجود ہیں وہ اُن سے حاصل کرکے ثبوتوں کی باقاعدہ چھان بین کریں اور ویڈیو فوٹیج کو خوددیکھیں ۔ انہیں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان ثبوتوں اور ویڈیو فوٹیج میں وہ الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تو انہیں فوری طور پر معطل کرکے چارج شیٹ کریں تاکہ ان کے خلاف مزید سخت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اُٹھائے گئے ایکشن کے بارے میں اپنی رپورٹ آئی جی پی کے دفتر روزانہ کی بنیاد پر بھیجوائیں۔