اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، تعلقات کی بنیاد مشترکہ مفاد کی نوعیت پر ہونا چاہئیں،خطے میں امن کیلئے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا چاہیے ۔وزیراعظم ہاﺅس کے ترجمان مصدق ملک کے مطابق بھارت میں متعین پاکستانی سفیر عبد الباسط نے یہاں وزیر عظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ، پاکستانی سفیر نے حالیہ صورت حال اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر وزیر اعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات پر عبدالباسط کی کوششوں کو سراہا ہے، ملاقات میں بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کے خلاف حالیہ بیان بھی زیر بحث آیا جس پر وزیر اعظم نے تشویش کا اظہار کیا ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے ،یہ تعلقات باہمی خود مختاری اور احترام پر مبنی ہونے چاہئیں،پاکستان خطے میں ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے قیام امن کیلئے خطے کے تمام ممالک کو کردار ادا کرنا چاہیے،پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کا خاتمہ اور خطے میں امن کیلئے خواہاں ہے ۔