اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے افغان صدر اشر ف غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے دورہ کابل کے دوران افغانستان سے متعلق واضح پالیسی کا اعلان کیا تھا اور دونوں ممالک نے میڈیا کے ذریعے بات چیت سے گریز کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے افغان صدر کے بیان پر پاکستان کی جانب سے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے 12 مئی کو افغانستان کے ساتھ تعاون کی پالیسی واضع کر دی تھی اور وزیراعظم نواز شریف کے دورہ کابل کے دوران ان کا بیان با لکل واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ کابل میں دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا تھا کہ دونوں ممالک میڈیا کے ذریعے کوئی بیان بازی نہیں کریں گے اور میڈیا کے ذریعے بات چیت سے گریز کریں گے۔ یاد رہے کہ افغان صدر نے میڈیا کے ذریعے بیان دیا تھا کہ پاکستان کو حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے اور حقانی نیٹ ورک پاکستان کی حدود سے افغانستان میں کارروائی کرنا ہے اور پاکستان حقامی نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہا۔