کوئٹہ (نیوزڈیسک)بلوچستان میں امن و امان کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس آج کوئٹہ میں ہوگی ، وزیر اعظم نواز شریف کانفرنس کی صدارت کریں گے۔بلوچستان میں امن و امان کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت سرجوڑ کر بیٹھے گی۔ بلوچستان میں سانحہ مستونگ اور صوبے میں امن و امان کے حوالے سے آ ل پارٹیز کانفرنس ہو رہی ہے جس کی صدارت وزیر اعظم نواز شریف کریں گے۔ اے پی سی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل رضوان اختر کے علاوہ اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت شرکت کرے گی۔بلوچستان حکومت نے صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ کوئٹہ میں اے پی سی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریڈ زون کے اطراف میں ایف سی، پولیس ، اے ٹی ایف ، آر آر جی کے علاوہ بی سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔