نوشہرہ(نیوزڈیسک) نوشہرہ کی عدات میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن فضل حبیب اللہ کے والد شیر عالم کے بیان کے بعد کیس نے ڈرامائی صورت اختیار کر لی ہے۔ شیر عالم نے عدالت میں بیان قلمبند کرواتے ہوئے میاں افتخار حسین کو قتل سے ہی بری الذمہ قرار دے دیا۔ دوسری طرف پیشی کے بعد میاں افتخار حسین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوال کیا اگر مقتول کے والد نے مقدمہ درج نہیں کرایا تو پھر کس نے کروایا؟ اس سے قبل میاں افتخار حسین کو پولیس کی پرائیویٹ سفید گاڑی میں پیشی کے لئے لایا گیا۔ سفید کپڑوں میں ملبوس میاں افتخار حسین آج قدرے ہشاش بشاش نظر آئے۔ عدالت کے باہر موجود کارکنوں نے والہانہ نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔ عدالت نے مختصر کارروائی کے بعد میاں افتخارحسین کو جوڈیشل لاک اپ بھیجنے کے احکامات جاری کر دیے۔ کیس کی سماعت اب پندرہ دن بعد ہوگی۔ واضعر ہے کہ فضل حبیب اللہ ہفتے کی رات پبی میں اے این پی کے دفتر کے سامنے کارکنوں کے درمیان ہونے والی تکرار کے بعد فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔