اسلام آباد(نیوز ڈیسک)جاسوسی کے خوف میں مبتلا ، بھارتی حکام نے مبینہ طور پر پاکستان سے اڑ کر جانے والے کبوتر کا ایکسرے کرانے کا فیصلہ کر لیا ، کبوتر کو باقاعدہ جاسوس قرار دے کر بھارتی حکام نے اپنے تحویل میں لے رکھا ہے۔ جدید ترین آلات اور دفاعی ہتھیاروں کے ڈھیر لگانے والا بھارت پاکستان مخالف سوچ اور دقیانوسی خیالات سے باہر نہیں نکل پایا۔ شکر گڑھ کے علاقے سے غلطی سے اڑ کر کبوتر نے سرحد کیا پار کی۔ بھارتی ادارے الرٹ اور حرکت میں آگئے۔ کبوتر کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ الزام لگایا گیا کہ کبوتر کے پاو¿ں کے ساتھ اردو میں کچھ پیغام بندھا ہے ، ہفتوں کی جستجو کے بعد کچھ حاصل نہ ہوا تھا اب اس کا ایکسرے کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ بھارتی میڈٰیا کے مطابق ایکسرے پٹھان کوٹ کے علاقے میں جدید ترین وٹرنری ہسپتال میں کرایا جائے گا۔ کبوتر پکڑنے کے بعد بھارتی میڈیا میں اس حوالے سے تنقید بھی کی گئی تھی۔