اسلام آباد(نیوزڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہو گی ‘ پارلیمانی کمیٹی صوبوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے گی کہ کونسے منصوبے کہاں لگنے ہیں۔ وہ جمعرات کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اسفند یار ولی خان نے کہا کہ سب مل کر چلیں گے تو ہی پاکستان کو ترقی یافتہ بنا پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ثابت ہو گیا کہ میں غدار نہیں ہوں۔ اپنے ساتھ کھڑا ہونے والی سیاسی جماعتوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے معاملہ پر فراخدلی دکھائی جس پر ان کا مشکور ہوں ۔ آل پارٹیز کانفرنس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی ہو گی ‘ پارلیمانی کمیٹی صوبوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرے گی کہ کونسے منصوبے کہاں لگنے ہیں