اسلام آباد( نیوزڈیسک)پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر کے بیان کو اشتعال انگیز اور پورے خطے کیلئے تشویشناک قرار دیا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں ملکی دفاع کیلئے ہر مناسب اقدام اٹھایا جائے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ایگزیکٹ سکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں ، جعلی ڈگری کیس میں بہت سی امریکی یونیورسٹیاں بھی سامنے آئی ہیں ، اس لئے امریکی اداروں سے مدد لی جا رہی ہے ، اس حوالے سے وزارت داخلہ کیساتھ رابطے میں ہیں۔ خلیل اللہ قاضی نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر کا اشتعال انگیز بیان پورے خطے کیلئے تشویش ناک ہے ، ملکی دفاع میں ہر مناسب اقدام اٹھائیں گے ، پاک چین اقتصادی راہداری کیخلاف جاری مہم سے بھی آگاہ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بعض جگہوں پر داعش کے پمفلٹس ضرور تقسیم کیے گئے لیکن پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اس معاملے پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی وزیر خارجہ نے جاسوسی کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری خالد محمود تک کونسلر رسائی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مزید پڑھئے:اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین زیادہ بچوں کی پیدائش حق میں کیوں؟