اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کہتے ہیں کہ ایگزیکٹ کے ٹی وی چینل سے منسلک صحافیوں کا ایف آئی اے کی تحقیقات سے کچھ لینا دینا نہیں ، وہ کسی بھی دوسرے ادارے سے وابستہ ہونے میں آذاد ہیں ، ایگزیکٹ کا ٹی وی چینل تو ابھی آن ایئر بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایگزیکٹ معاملے پر ایف آئی اے اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے،سانحہ ڈسکہ پر قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو سخت سزا دی جائے گی ،کسی سانحہ کی آڑ میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا مناسب نہیں۔قومی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ۔بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ڈسکہ واقعہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ،قانون سب کے لئے برابرہے ،ڈسکہ واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگااور سخت سزا دی جائے گی ،انہوں نے کہا کہ یہ مناسب نہیں کہ قانون کے رکھوالے لاقانونیت کا راستہ اختیار کریں،ڈسکہ واقعہ پر قانون حرکت میں آیا ہے ،وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انصاف کے حصول کیلئے لاقانونیت کا راستہ اختیار نہیں کرناچاہیے کہ اور نہ ہی کسی سانحہ کی آڑ میں سرکاری عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جائے ہم سب کو قانون کی پاسداری کرنی چاہیے،ملک میں انصاف کیلئے عدالتیں موجود ہیں اور آزادانہ انصاف مہیا کررہی ہیں،انصاف کے حصول کے لئے راستے متعین کردیئے گئے ہیں،قانون سب کیلئے برابر ہے،ملک میں لاقانونیت نہیں چلنے دیں گے،
مزید پڑھئے:ماورا حسین بالی ووڈ فلم کی شوٹنگ کیلئے جنوبی افریقہ جائیں گی
انہوں نے کہا کہ ڈسکہ واقعہ میں جس نے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور جنہوں نے اس سانحہ کی آڑ میں حکومتی املاک کو نقصان پہنچایا ہے ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی ،ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ ایگزیکٹ معاملے پر ایف آئی اے اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہے اور قانون مطابق کارروائی کی جارہی ہے ،پیشہ ور صحافیوں کا ایگزیکٹ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ۔