کراچی(نیوزڈیسک) ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے دفتر سے لاکھوں کی تعداد میں جعلی ڈگریاں برآمد ہونے کے بعد کمپنی کے سی ای او شعیب شیخ کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات اور جوڈیشل مجسٹریٹ ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کو لے کر ایگزیکٹ کے دفتر پہنچے جہاں ان کی نشاندہی پر لاکھوں کی تعداد میں جعلی ڈگریوں سمیت طلبہ کے کارڈز اور سی ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شعیب شیخ کی نشاندہی پر ایگزیکٹ کے دفتر سے لاکھوں کی تعداد میں جعلی ڈگریاں اور طلبہ کے کارڈ بھی ملے ہیں جس کے بعد کمپنی کے خلاف متعدد شواہد مل چکے ہیں۔ شاہد حیات کا کہنا تھا کہ شواہد کی بنا پر ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے دفتر سے بڑی تعداد میں ڈگریوں سمیت دیگر مواد برآمد ہونے کے بعد شعیب شیخ کو حراست میں لے لیا ہے، ایف آئی اے اہلکاروں نے شعیب شیخ کو ہاتھ پکڑ کر گاڑی میں بٹھایا اور ان کے ذاتی محافظوں کو ساتھ آنے سے روک دیا گیا، شعیب شیخ کو ایف آئی اے کے دفتر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ایف آئی اے حکام نے ایگزیکٹ کے ہیڈ آفس سے متصل عمارت کو سیل کردیا ہے۔