اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایف آئی اے نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایات کے بعد راولپنڈ ی کے دفتر میں چھاپہ مار کر40افراد کو حراست میں لے لیاہے اور ایف آئی اے کی جانب سے ایگزیکٹ کمپنی کے دونوں دفاتر بھی سیل کر دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹ کمپنی کچھ ہی دنوں میں بول چینل لانچ کرنے جار ہی تھی کہ اچانک امریکی اخبار نے ایگزیکٹ کمپنی کے حوالے سے مبینہ طور پر جعلی ڈگریوں کا کارروبار کرنے کا انکشاف کیا۔جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے خبر کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم جار ی کیا اور یہ ذمہ داری ایف آئی اے کے سپر دکی۔ہدایات جاری ہونے کے بعد ایف آئی اے کے سائبرکرائم سیل نے ایگزیکٹ کمپنی پر چھاپہ مار کر راولپنڈی کی ایگزیکٹو باڈی کے چالیس افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ دفتر سے ہم فائلیں ،مین سرور ،ہارڈ ڈسک اور کمپیوٹرز بھی اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔ایف آئی اے کی جانب سے چھاپے کے دوران کمپنی کے ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی گئی اور پورے آفس میں موجود اہم دستاویزات بھی اپنے قبضہ میں لے لیے ہیں۔ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کمپنی کی ویب سائٹ ڈیزائن کرنے والی کمپنی کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے اور ایگزیکٹ کے ذریعے پاکستان میں ہونے والی ویب ہوسٹنگ کا دس سالہ ریکارڈ بھی طلب کر لیاہے۔ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کمپنی میں کام کرنے والے تمام ملازمین کی فہرستیں بھی طلب کر لی ہیں اور تحقیقات کا دائرہ کار بھی وسیع کر دیاہے۔