اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پیپلز پارٹی کے رہنما قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں رکاوٹ سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ خود حکومت ہے ۔ فیصلے چاروں صوبوں کی مشاورت سے ہونے چاہیے طاقت سے کئے گئے فیصلوں سے وفاق کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ وفاق کو بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے جائز مطالبات ماننے چاہیے آج بھی میاں صاحب کی خواہش ہے کہ ہر راستہ تخت لاہور سے ہوکر گزرے ۔ ان خیالات کا اظہار خورشید شاہ نے ہفتہ کے روز کوئٹہ میں عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے جائز مطالبات ماننے چاہیے چھوٹا روٹ چھوڑ کر بڑا روٹ کیوں اختیار کیا جارہا ہے ۔ اقتصادی راہداری سے پاکستان کو تیس جبکہ چین کو ستر فیصد فائدہ ہوگا ۔ چین نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے بہترین پیکج دیا ہے جب چین آزاد ہوا تو سب سے پہلے پاکستان نے اسے تسلیم کیا اقتصادی راہداری منصوبے سے وسطی ایشیائی ممالک کو بھی فائدہ ہوگا ہمیں پوری کوشش کرنی چاہیے کہ یہ منصوبہ مکمل ہو بلوچستان پاکستان کا گولڈن گیٹ ہے حکومت کو بلوچستان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے ۔