اسلام آباد(نیوز ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے125 سے سعدرفیق اور پی پی 155 سے میاں نصیر کی اسمبلی رکنیت بحال کرتے ہوئے باضابطہ طور پرنوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے الیکشن ٹریبونل فیصلے کو معطل کرنے کے بعدمسلم لیگ (ن) کے رہنما سعد رفیق اور میاں نصیر کی اسمبلی رکنیت بحال کر دی ہے اور اس حوالے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے ،واضح رہے کہ عام انتخابات میں بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر الیکشن ٹریبونل نے این اے 125 سے سعد رفیق اور پی پی 155 سے میاں نصیر کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھااور الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنماﺅں کی اسمبلی رکنیت معطل کرد ی تھی تاہم سعد رفیق اور میاں نصیر نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جو سپریم کورٹ نے 11 مئی کو الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک خواجہ سعد رفیق اور میاں نصیر کی اسمبلی رکنیت بحال کی جائے جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خواجہ سعد رفیق اور میاں نصیر کی اسمبلی رکنیت بحال کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔