اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم نواز شریف پاکستان ریلویز کی تاریخ میں اسلام اباد سے کراچی کے درمیان اپنی نوعیت کی پہلی اے سی بزنس کلاس ٹرین’’گرین لائن ٹرین‘‘ کا افتتاح کل 15 مئی کو مارگلہ ریلوے اسٹیشن پرکریں گے۔تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور مارگلہ ریلوے اسٹیشن کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، شرکا کی شرکت کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے گئے، ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف کل 15 مئی کو سہ پہر 3 بجے پہلی گرین لائن ٹرین کا افتتاح کریں گے ،گرین لائن ٹرین کے ساتھ اسلام اباد مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے 6 اے سی بزنس کلاس کی جدید اور نئی مسافر بردار ویگنز لگائی گئی ہیں جبکہ لاہور سے مزید 4 اے سی کلاس ویگنز لگائی جائیں گی۔ٹرین میں 540 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی جب کہ اسلام اباد سے کراچی تک فی مسافر5500 سو روپے جب کہ بچوں کے لیے 4100 یکطرفہ مقرر کیا گیا جب کہ لاہور سے کراچی تک کے لیے فی مسافرکرایہ 5000 روپے یکطرفہ مقررکیا گیا، ذرائع کے مطابق ٹرین کے لاہور، ساہیوال، بہاولپور ، روہڑی اور حیدراباد میں ٹیکنیکل اسٹاپ ہوں گے، ٹرین سہ پہر 3 بج کر 15 منٹ پر روزانہ مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوا کرے گی، راولپنڈی سے 4 بجے روانہ ہوگی اور رات 8 بجے لاہور ریلوے اسٹیشن پر پہنچے گی جہاں20 منٹ کا اسٹاپ ہوگا۔اس دوران ٹرین کے ساتھ مزید چار ویگنز لگائی جائیں گی، ذرائع کاکہنا ہے کہ گرین لائن ٹرین 22 گھنٹوں میں اسلام اباد سے کراچی تک اپنا سفر طے کرے گی جب کہ پاکستان ریلوے کی سب سے تیز چلنے والی ٹرین تیز گام اسلام اباد سے کراچی تک اپنا سفر 27 گھنٹے میں طے کرتی ہے، ذرائع کا مزیدکہنا ہے کہ سفر کے دوران ٹرین میں مسافروں کو کھانا، ناشتہ، منرل واٹر فری، پڑھنے کے لیے اخبارات، وائی فائی اور سونے کے لیے معیاری بڈنگ کی فری سہولتیں میسر ہوں گی۔